ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ملک کے بیشتر علاقوں میں رواں ہفتے دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی علاقے گرمی کے زیر اثر رہیں گے، ملک کے زیادہ تر حصوں خصوصاً جنوبی علاقوں میں 10 سے 13 مئی کے دوران دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔
سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 3 سے 5ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہونے کا امکان ہے جبکہ وسطی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت 2سے 3ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عوام گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کے مناسب اقدامات کریں۔