’’ورلڈکپ 2023؛ پاکستان نریندر مودی اسٹیڈیم میں میچ نہیں کھیلے گا‘‘


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے رواں سال ورلڈکپ 2023 میں شیڈول روایتی حریف بھارت کے خلاف نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ پر سوالیہ نشان لگ گیا۔میڈیا رپورٹس میں بغیر کسی تفصیل کے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان ورلڈکپ 2023 میں سیکیورٹی اور دیگر وجوہات کی بنا پر 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ نہیں کھیلے گا۔
ورلڈکپ کے قریب آتے ہی ہمسایہ ممالک کے درمیان سیاسی تناؤ کے باعث میگا ایونٹ میں پاکستان کی شرکت پر سوالیہ نشان تاحال برقرار ہے، بھارت کی جانب سے رواں سال ایشیاکپ کیلئے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کے بعد گرین شرٹس کے میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے اپنے پڑوسی ملک جانے پر شکوک و شبہات بڑھ رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے بیان سے لگتا ہے کہ پاکستان ورلڈکپ کیلئے بھارت آئے گا، انہوں نے حال ہی میں بھارت کے دورہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیئے۔
دوسری جانب ورلڈکپ 2023 کیلئے آئی سی سی کی جانب سے شیڈول کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے لیکن توقع کی جارہی ہے کہ آئی پی ایل کے فوراً بعد بھارتی بورڈ میگا ایونٹ کی فکسچرز کا اعلان کردے گا۔قبل ازیں انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاک بھارت ورلڈکپ مقابلے کیلئے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم کا انتخاب کیا ہے۔