ایشیاکپ پر چھائے سیاہ بادل؛ پاکستان متبادل پلان تیار کرنے لگا


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیاکپ پر چھائے سیاہ بادلوں کے باعث متبادل پلان کی تیاریاں شروع کردیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے دو طرفہ اور سہ فریقی سیریز کیلئے بھی دیگر بورڈز سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام نے ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کرکٹ بورڈ سے دو طرفہ یا سہ فریقی سیریز کا منصوبہ بنایا ہے۔ایشیاکپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے صاف انکار کرچکا ہے جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے ٹورنامنٹ کو پاکستان سے باہر کروانے کی تجویز دی ہے۔
جس پر پی سی بی نے کہا تھا کہ اگر بھارت پاکستان نہیں آنا چاہتا تو اسکے میچز دبئی یا کسی اور نیوٹرل وینیو پر منعقد کروائے جاسکتے ہیں تاکہ ہم بی سی سی آئی اس پر بھی راضی نہیں، بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اگر بھارت ضد پر اَڑا رہا تو ایشیاکپ کے مستقبل اور ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کی شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ جائے گا۔
قبل ازیں انڈین میڈیا نے گزشتہ روز رپورٹس شائع کیں تھی کہ ایشین کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ کو پاکستان سے کسی دوسرے ایشیائی ملک میں منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں سری لنکا کو موزوں ترین وینیو قرار دیا جارہا ہے جبکہ اس سلسلے میں رواں ماہ کے آخر تک میزبان ملک کا اعلان کردیا جائے گا۔