ایوا بی کی ایک بار پھر گلوکاری کے میدان میں انٹری
لاہور (قدرت روزنامہ) کوک سٹوڈیو کے گانے کنایاری سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی لیاری کی رہائشی ریپر اور گلوکارہ ایوا بی شادی کے بعد گلوکاری کے میدان میں ایک بار پھر انٹری دینے کیلئے تیار ہیں۔مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ایوا بی نے گلوکاری کی دنیا میں واپسی کا اشارہ دیدیا۔
موسیقی کی دنیا میں دھوم مچانے والی کراچی کے علاقے لیاری کی رہائشی ایوابی نے رواں برس جنوری میں گلوکار مدثر قریشی سے شادی کرلی تھی۔گلوکارہ ایوا بی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر روایتی بلوچ لباس میں اپنی تصویر شیئر کی ہے جس میں حسب روایت انہوں نے چہرے کو فیس ماسک سے ڈھانپ رکھا ہے۔
ایوابی نے اپنے ٹوئٹ میں جلد آرہا ہے کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں آرہی ہوں‘۔واضح رہے کہ گزشتہ برس کے آغاز میں ریلیز ہونے والے ’کوک سٹوڈیو سیزن 14‘ کے گانے ’کنا یاری‘ کو عالمی سطح پر کافی پذیرائی ملی جس کے باعث ایوا بی سب کی توجہ کا مرکز بنیں۔
کنا یاری میں ایوابی کے ہمراہ وہاب بگٹی اور معروف گلوکار کیفی خلیل بھی تھے۔یاد رہے کہ ایوابی کو گزشتہ برس جولائی میں سپاٹیفائی کی ایکول پاکستان مہم کی سفیر نامزد کیا گیا تھا جس کے تحت ان کی تصویر نیویارک کے ٹائمز سکوائر کے ڈیجیٹل بل بورڈ پر آویزاں بھی کی گئی تھی۔