اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عمران خان کی احاطۂ عدالت سے گرفتاری پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اور سیکریٹری داخلہ کو فوراً طلب کرلیا، چیف جسٹس نے کہا کہ اگر گرفتاری قانون کے مطابق نہ ہوئی تو نتائج بھگتنا پڑیں گے . ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان کے مقدمات سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت شروع کی اور شور شرابے پر پوچھا کہ کیا ہوا ہے؟ انہیں بتایا گیا کہ عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا .
عدالت نے کہا کہ آپ نے یہ غلط کام ہے جس نے بھی کیا ہے اس پر ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ آدھا گھنٹہ دے دیں .
چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے پتا چلا ہے کہ شیشے توڑے گئے ہیں، جس نے بھی کیا غلط کیا ہے، مجھے کارروائی کرنی پڑی تو وزرا اور وزیر اعظم کے خلاف بھی کارروائی کروں گا . عمران خان کے وکیل نعیم نے کہا کہ پولیس، وکلا اور اسٹاف کو رینجرز نے مارا ہے . عدالت نے پوچھا کہ عمران خان کو کس مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے؟ فوراً بتائیں .
چیف جسٹس عامر فاروق نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد، سیکریٹری داخلہ کو پندرہ منٹ میں طلب کرلیا . انہوں ںے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو بھی پندرہ منٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کی . علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ عمران خان بائیو میٹرک کرانے برانچ گئے انہیں بائیو میٹرک روم کے شیشے توڑ کر گرفتار کیا گیا، ہماری آنکھوں پر اسپرے کیا گیا اور سر پر ڈنڈے مارے گئے .
رینجرز نے عمران خان پر تشدد کیا، وکیل بیرسٹر گوہر
واقعے کے وقت دائرہ برانچ میں موجودہ بیرسٹر علی گوہر نے کہا کہ رینجرز نے عمران خان پر تشدد کیا، عمران خان کی سر اور ٹانگ پر مارا، عمران خان کو گرفتار کرنے والے تمام لوگ رینجرز اہلکار تھے، عمران خان کی زخمی ٹانگ پر تشدد کیا گیا، عمران خان کی وہیل چیئر وہیں پر پھینک دی گئی، ملازمین وکلا کو مارا گیا، شیشے توڑے گئے .
وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی اور عمران خان کی احاطہ عدالت سے گرفتاری پر بات ہوئی . چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے وقت نیب تو نہیں تھی؟ اگر قانون کے مطابق نہیں ہوا تو مناسب آرڈر پاس کریں گے، اگر قانون سے ہٹ کر کچھ ہوا ہے تو نتیجہ بھگتنا پڑے گا . وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ آج جو کچھ ہوا اس کے بعد وکالت ختم ہوگئی .
عدالت نے سیکریٹری داخلہ اور آئی جی کو طلب کیا تھا جس پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ سیکریٹری داخلہ پشاور میں ہیں ان کی جگہ ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ آرہے ہیں جو کہ راستے میں ہیں . چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہے کتنا بڑا ہے؟ پندرہ منٹ لگتے ہیں . عدالت کو آئی جی نے بتایا کہ عمران خان کی گرفتاری نیب نے کی اور ان کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے .
وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست آئی تھی جب کہ آئی جی نے کہا کہ مجھے نہیں پتا کہاں سے گرفتاری ہوئی؟ وکیل بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کے سر پر راڈ ماری گئی میں یہ بیان حلفی دینے کے لیے تیار ہوں .
زخمی وکیل علی بخاری اور نعیم حیدر پنجھوتہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے جنہوں نے عمران خان کے وارنٹ کی کاپی عدالت کے سامنے پیش کردی . وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ احاطہ عدالت سے گرفتاری نہیں ہو سکتی، قانون یہ کہتا ہے انکوائری کے دوران یہ گرفتار نہیں کرسکتے، القادر یونیورسٹی کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت آج دائر ہوئی، عمران خان بائیو میٹرک کرانے آئے تھے ان کو اسی وقت ریورس کرنا ضروری ہے .
زخمی وکیل علی بخاری نے کہا کہ میں دائرہ برانچ میں عمران خان کے ساتھ موجود تھا، پولیس کا اور بائیو میٹرک کا اسٹاف موجود تھا، پانچ پولیس والے بائیو میٹرک کے اندر موجود تھے، شیشے توڑ کر وہ اندر آئے کمپیوٹر والے شیشے توڑے ، ایک اسپرے میری آنکھوں میں کیا کورٹ کا اسٹاف آیا انہوں نے کہا علی بخاری کو نکالو .
وکیل علی بخاری نے کہا کہ میں چیف جسٹس ہائی کورٹ کے سامنے کھڑا ہوں، میں نے شوق کے لیے وکالت کی، کورٹ کا اسٹاف ہے ان سب کو لائیں ان سے پوچھیں ان وردیوں میں کون لوگ تھے؟وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ آج جذبات زیادہ بولیں گے وکالت کم ہوگی . وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ پر حملہ ہوا ہے ہمارا وقار واپس کرائیں .
اس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ شیلنگ ہو رہی ہے اس لیے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نہیں پہنچے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ میں غصے نہیں ہوتا لیکن میرے صبر کا امتحان نہ لیں . وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ آج غصے کا دن ہے . چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے نہیں پتا کہ نیب کسی کو اس طریقے سے بھی گرفتار کر سکتی ہے؟ کورٹ اسٹاف، وکلا، پولیس، عام لوگوں کے ساتھ جو کچھ ہوا یہ کیا ہے؟ کیا یہ گرفتاری قانونی ہے؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ جو کچھ ہمارے وکلا کے ساتھ جو ہوا وہ درست نہیں، باقی وارنٹ پر عمل درآمد ہوا ہے اس پر عدالت نے کہا کہ جس طریقے سے عمل درآمد کیا گیا، کیا یہ پروپر ہوا؟ وکلا پر حملہ میرے اوپر حملہ کیا ہے یہ؟ عمران خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے یہ اتنا سادہ نہیں اس لیے مجھے دیکھنا ہے مجھے اپنے آپ کو مطمئن کرنا ہے عدالت کے احاطے سے یہ گرفتاری ہوئی ہے . وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ تینوں ضمانت کی درخواستیں اس سے متعلق ہیں .