عمران خان کی گرفتاری نواز شریف اور شہباز شریف کی ہدایت پر ہوئی: پرویز الہٰی
لاہور(قدرت روزنامہ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتار کی شدید مذمت کی۔اپنے مذمتی بیان میں تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اس وقت پوری قوم کے نمائندہ لیڈر ہیں، ان کے خلاف جو لوگ یہ سب کچھ کر رہے ہیں ان کو سمجھ لینا چاہئے کہ اب قوم عمران خان کے ساتھ ہے، نوجوان، خواتین، طلبا و طالبات، سول سوسائٹی اور تمام محب وطن پاکستانی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف کارروائی کرنے والوں کا سیاسی مستقبل خراب ہو جائے گا اور ان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، عمران خان کا پیغام ہے کہ تمام لوگ پرامن احتجاج کریں، اس وقت عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں کوئی بھی عمران خان کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان عدالت میں ضمانت کیلئے پیش ہو چکے تھے ان کو گرفتار کرنا قانون کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے، ہم عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، ثابت ہوگیا ہے کہ ملک فسطائیت کا شکار ہو چکا، یہاں پر آئین و قانون کی عمل داری نہیں ہے، عمران خان کے ہمراہ وکیلوں کو بری طرح مارا پیٹا گیا۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ کارروائی نواز شریف اور شہباز شریف اور ان کے پٹھو رانا ثناء اللہ کی ہدایات کے بغیر نہیں ہو سکتی، عمران خان پر حملہ ہوا ہے ان کا یہ حق بنتا ہے کہ وہ جس کو ایف آئی آر میں نامزد کریں اس کا نام شامل ہونا چاہئے، عدلیہ پر بڑی بھاری ذمہ داری آن پڑی ہے، اب عدلیہ کا امتحان ہے، وکلا کا امتحان ہے، اب کالا کوٹ انقلاب لے کر آئے گا۔