ملک بھر میں نجی تعلیمی ادارے بند، کراچی میں میٹرک امتحان جاری


کراچی(قدرت روزنامہ) ملک بھر میں آج نجی تعلیمی ادارے بند ہیں جب کہ کئی شہروں میں پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں تاہم کراچی میں میٹرک کے امتحانات شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گزشتہ روز اسلام آباد سے گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مظاہرے پھوٹ پڑے، جس کے تناظر میں آج ملک بھر میں نجی ادارے بند ہیں۔ آل پراکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ آج پاکستان بھر میں پرائیویٹ اسکول بند رکھے جائیں گے۔
پختونخوا میں بھی 13 مئی تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات بھی ہفتہ 13 مئی تک ملتوی کردیے گئے ہیں۔لاہور میں بھی احتجاجی مظاہروں اور پولیس کے ساتھ پی ٹی آئی کارکنوں کی جھڑپوں کے تناظر میں آج تمام سرکاری و نجی اسکول بند ہیں۔ اُدھر راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے نویں کا شیڈول پرچہ ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔ قبل ازیں تعلیمی بورڈز کی چیئرمینز کمیٹی کی جانب سے صوبے (پنجاب) بھر میں آج کے شیڈول امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز مظاہروں کی صورت حال کے تناظر میں برٹش کونسل کی جانب سے بھی آج 10 مئی کو ہونے والے امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں وفاقی بورڈ کے زیر اہتمام آج ہونے والا مطالعہ پاکستان کا پرچہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔دوسری جانب کراچی، حیدر آباد، نواب شاہ (شہید بے نظیر آباد) میں آج میٹرک کے امتحانات شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
نمل یونیورسٹی انتظامیہ نے گزشتہ شب طالبات سے بھری بسوں کو یونیورسٹی واپس بلوا لیا تھا اور حفاظت کے پیش نظر انہیں ہاسٹل میں رہائش دے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ نمل یونیورسٹی کی طالبات کی بسیں احتجاج کے دوران کئی گھنٹے شاہراہ پر پھنسی رہی تھیں۔ گاڑیاں واپس بلوانے اور طالبات کو ہاسٹل میں رہائش دینے پر والدین نے انتظامیہ سے اظہار تشکر کیا ہے۔
اُدھر اوکاڑہ میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند ہیں۔ ای او ایجوکیشن ملک ارشد کے مطابق جماعت نہم کا ہونے والا پرچہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ ڈی سی ذیشان حنیف نے اعلان کیا ہے کہ اوکاڑہ کے تمام کالجز و یونیورسٹی بھی آج بند رہے گی۔کوئٹہ میں سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی بھی آج بند ہے ۔
کراچی میں حالات کے پیش نظر کئی نجی تعلیمی ادارے آج بند ہیں۔ اقرا یونیورسٹی کے تمام کیمپس، بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس بند رہیں گے جب کہ علما یونیورسٹی کے تحت آج ہونے والے پرچی ملتوی کردیے گئے ہیں، جن کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
کراچی میں کیتھولک بورڈ کے تحت تمام مشنری اسکولز بشمول سینٹ پیٹرک، سینٹ پالز، سینٹ لارنس، سینٹ جون، سینٹ جوزف کانونٹ، سینٹ مائیکل کانونٹ اور دیگر بھی آج بند ہیں۔ علاوہ ازیں داؤد پبلک، بیکن ہاؤس، وی ایل سی، سیڈز، دار ارقم، دی اکیڈمی اور دیگر اسکولز بھی آج حالات کے پیش نظر بند کردیے گئے ہیں۔کراچی میں میٹرک بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات معمول کے مطابق جاری ہیں۔ ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ کے مطابق نویں جماعت کا بیالوجی کا پرچہ لیا جارہا ہے جب کہ دوپہر کی شفٹ میں انگلش کا پرچہ شیڈول کے مطابق لیا جائے گا۔