عمران خان اپنی بے گناہی عدالتوں میں ثابت کریں، احسن اقبال


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی عمران خان کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا، وہ اپنی بے گناہی عدالتوں میں ثابت کریں۔ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ نیب نے عمران خان کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا، یہ کوئی معمولی کیس نہیں، 60 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کا کیس ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 160 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں جمع نہیں کرائے، ان کی گرفتاری کے بعد ملک میں افراتفری پھیلائی گئی۔احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور تھوڑ پھوڑ کے واقعات پر عدالتوں کو نوٹس لینا چاہیے، گزشتہ روز پی ٹی آئی کارکنوں نے اسکولوں کو بھی جلایا، اسکولوں کو جلانا دہشت گردی ہے، تحریک انصاف کے کارکنوں نے سرکاری املاک اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ عمران خان کا دور بدترین انتقامی دور تھا، انہوں نے اپنے دور میں سیاسی مخالفین کو اپنے انتقام کا نشانہ بنایا، پی ٹی آئی نے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔