صدر مملکت کا پاک فوج کے شہداء کے لواحقین سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دیر دونی، شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے لواحقین سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس کیا ہے۔
صدر مملکت نے حوالدار سلیم اور نائیک جاوید کے لواحقین سے فون پر بات کی، سپاہی بسم اللہ جان، سید رجب اور حضرت بلال کے ورثاء سے بھی صدر عارف علوی کی بات ہوئی، صدر مملکت نے شہداء کی فرض سے لگن اور وطن سے محبت پر انہیں سلام پیش کیا۔
صدر مملکت نے شہداء کی وطن کیلئے خدمات اور قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا، قوم کی جانب سے شہداء کے خاندانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔