پنجاب اور خیبرپختون خوا میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے فوج طلب
لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب اور خیبرپختون خوا میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے پاک فوج کوطلب کرلیا جبکہ راولپنڈی میں فوج نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔محکمہ داخلہ پنجاب نے فوج کو طلب کرنے کی منظوری دے دی۔ لاہور سمیت صوبے کے اہم اضلاع میں امان وامان کی صورتحال کو کنٹرول کیاجائے گا۔ فوج اس حوالے سے پولیس اور رینجرز کی مدد کرے گی۔
پنجاب نے وفاق کوسمری بھجوادی جس کے مطابق فوج کی دس کمپنیوں کوطلب کیا جائے گا۔ پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بگڑ جانے پر یہ فیصلہ کیاگیا ہے۔ادھر خیبرپختون خوا حکومت نے بھی کشیدہ حالات کے باعث آرٹیکل 246 کے تحت فوج کو طلب کرلیا ہے ۔ صوبائی حکومت نے تحریری خط لکھ دیا۔ صوبائی محکمہ داخلہ نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو فوج کی تعیناتی کے لیے خط لکھا۔ پاک فوج کی کمپنیاں کشیدہ علاقوں میں تعینات رہیں گی۔
خیبرپختوخواکابینہ نے صوبہ میں امن وامان کے لیے فوج کی خدمات لینے کی منظوری دی اور محکمہ داخلہ کے فیصلے کی توثیق کردی۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے آرٹیکل 245 کے تحت صوبہ میں امن وامان برقراررکھنے کے لیے ریکوزیشن کی تھی۔دریں اثنا راولپنڈی میں فوج تعینات کردی گی، راولپنڈی فوجی دستے اہم شاہراہوں پر گشت کررہے ہیں، راولپنڈی ابتدائی طور پرفوجی دستے کینٹ کے علاقوں میں گشت کررہے ہیں۔