کراچی(قدرت روزنامہ) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی پارٹی کو کالعدم کرنے کی حمایت نہیں کرتے . وزیرخارجہ اور چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصولی طور پرکسی سیاسی پارٹی کو کالعدم قرار دینے کے حق میں نہیں ہوں .
انہوں نے کہا کہ حالات کو دیکھ کر ایسے فیصلے کیے جاتے ہیں . اگر ایسا کوئی فیصلہ ہوا تو وہ مجبوری کے باعث کیا جائے گا . جو دہشتگردی کل کی گئی کوئی اور تنظیم کرتی تو اس کو نتائج کا سامنا کرنا پڑتا .
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اگر سیاسی جماعت رہنا چاہتی تو پرامن احتجاج کی کال دیتی . سیاست دان گرفتار ہوتے ہیں تو سیاست کا نقصان ہوتا ہے . ہم کبھی اس پر جشن نہیں مناتے اور نہ ہی مٹھائی بانٹتے ہیں . پیپلزپارٹی شروع سے نیب کے خلاف ہے لیکن پی ٹی آئی نے نیب کا دفاع کیا . چارٹر آف ڈیموکریس میں 2008 سے 2013 تک نیب کو بند کرنا شامل تھا . عمران خان نے اس کو مک مکا قرار دیا اور نیب کو بچانے کے لیے مہم شروع کردی .