پی ٹی آئی قیادت کا عمران خان کی گرفتاری کیخلاف روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کا اعلان
پشاور / لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ احتجاج پرامن رکھا جائے۔
تحریک انصاف کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا، جس میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔صوبائی صدر پرویز خٹک نے کارکنوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ ہمارا احتجاج عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج پرامن رکھا جائے اور ہر یونین کونسل، ویلج کونسل نیبر ہوڈ کونسل کی سطح پر احتجاج کیا جائے۔
قبل ازیں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے گرفتاری کو درست قرار دینے کے فیصلے کو کالعدم قراردینے کی استدعا کی گئی ہے۔واضح رہے کہ 9 مئی بروز منگل نیب نے رینجرز کی مدد سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو القادر یونیورسٹی کیس میں گرفتار کیا جس کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران پولیس نے متعدد رہنما و کارکنان کو گرفتار بھی کیا۔
علاوہ ازیں وفاقی کابینہ کی منظوری اور وزارت داخلہ کے حکم پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں فوج نے ذمہ داریاں سنبھال لیں جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دستوں کو طلب کیا گیا ہے۔