شاہ محمود قریشی ،اسد عمر،فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) کیپیٹل پولیس کی جانب سے گرفتارپی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی ،اسد عمر،فواد چوہدری،جمشید اقبال چیمہ، فلک ناز چترالی، مسرت جمشید چیمہ اور ملیکہ بخاری کوتین ایم پی او کے تحت اڈیالہ جیل بھیج دیاگیاہے۔پولیس ترجمان کاکہناہے کہ تمام گرفتاریاں قانونی تقاضوں کومکمل کرکےعمل میں لائی گئی ہیں جب کہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
ابھی تک مجموعی طور پر کل سے رات گئے تک املاک کونقصان پہنچانے پر80 افراد کوگرفتارکیا جاچکاہے۔انہوں نے کہاکہ عوام میں افواہ اور اشتعال پھیلانے سے گریزکیاجائے۔
پولیس کے مطابق اسلام آباد میں آمدورفت کے تمام راستے کھلے ہیں۔ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ قانون کا احترام کریں۔اسلام آباد میں دفعہ 245 نافذ ہے۔کسی بھی قسم کی غیر قانونی عمل کرنے والوں کے خلاف پولیس، ایف سی، رینجرز اور پاک افواج کارروائی کرنے کے مجاز ہیں۔