وزن کم کرنے والوں کو صبح، ذیابیطس والوں کو شام کو ورزش کرنی چاہیے، نئی تحقیق میں ماہرین نے فوائد بتادیے
سٹاک ہوم(قدرت روزنامہ) سویڈن کے ماہرین نے نئی تحقیق میں ورزش کے وقت اور موٹاپے کے حوالے سے دلچسپ انکشاف کیا ہے . میل آن لائن کے مطابق سویڈن کے کیرولنسکا انسٹیٹیوٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ وزن میں کمی کے حوالے سے ورزش کرنے کا وقت بھی خاص اہمیت کا حامل ہے .
جو لوگ وزن کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں صبح کے وقت ورزش کرنی چاہیے . اسی طرح جو لوگ ذیابیطس کے مریض ہیں، انہیں شام کے وقت ورزش کرنی چاہیے .
انسٹیٹیوٹ سے وابستہ پروفیسر جولین زیئرتھ کا کہنا ہے کہ ہمارے جسم کے اعضاءکا بھی اپنا ایک شیڈول ہوتا ہے . ہمارے جسم کے درجہ حرارت سے لے کر دل کی دھڑکن اورمیٹابولزم کو کنٹرول کرنے والے جینز تک24گھنٹے کے دورانیے میں مختلف طریقوں سے کام کرتے ہیں . چنانچہ مختلف اوقات میں ورزش بھی مختلف اثرات کی حامل ہوتی ہے . ہماری تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر صبح کے وقت ورزش کی جائے تو چربی پگھلانے میں زیادہ مدد ملتی ہے اور موٹاپا زیادہ تیزی سے کم ہوتا ہے .
پروفیسر جولین زیئرتھکا کہنا تھا کہ تحقیق میں لنچ کے بعد ورزش کرنے کے بالکل مختلف اثرات سامنے آئے ہیں . اس وقت اگر ورزش کی جائے تو بلڈ شوگر زیادہ مستحکم رہتی ہے . چنانچہ دن کے آخر میں ورزش کرنا ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بہت فائدہ مند ہوتا ہے .
. .