نواز شریف پر پابندی ختم ہو چکی، نئے قانون کے تحت اب وہ الیکشن لڑ سکتے ہیں،اسحاق ڈار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے نواز شریف کے الیکشن لڑنے پر پابندی ختم ہو چکی نئے قانون کے تحت اب وہ الیکشن لڑ سکتے ہیں۔اسحاق ڈار نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف متحدہ عرب امارات سے عمرے کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب جا رہے ہیں جس کے بعد وہ انگلینڈ چلے جائیں گے۔
اسحاق ڈار نے سابق وزیراعظم کی وطن واپسی سے متعلق کہا کہ پارٹی جب کہے گی نواز شریف انگلینڈ سے پاکستان آئیں گے۔نواز شریف پر وہی کیس تھا جس میں مریم نواز بری ہو چکی ہیں اب نواز شریف بھی بری ہو جائیں گے ۔خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے قائد نواز شریف جو ان دنوں دبئی میں موجود ہیں وہ رواں ہفتے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے جہاں ان کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں طے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف جو عیدالاضحیٰ سے قبل لندن سے دبئی آئے تھے جہاں ان کی سابق صدر آصف علی زرداری سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقات بھی ہوئیں اور پاکستان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے بھی کیے گئے۔اب شریف خاندان کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اس ہفتے دبئی سے سعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں وہ ایک ہفتہ قیام کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف سعودی عرب میں قیام کے دوران عمرہ بھی ادا کریں گے جب کہ سعودیہ کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے جو کہ پیشگی طے کر لی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق دورہ سعودی عرب کے دوران مریم نواز بھی اپنے والد کے ہمراہ ہوں گی۔واضح رہے کہ دبئی میں نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی رہنمائوں کے مشاورتی اجلاس میں رواں ماہ سے ن لیگ کی انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے مریم نواز کو اہم ٹاسک سپرد کیا گیا ہے