کھیل

حج سے واپسی: بابر اعظم نے 2ماہ بعد اپنا بلا نکال لیا


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم فریضہ حج ادا کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔حج کے اس سفر کے دوران بابر اعظم کی والدہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔


پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں محمد رضوان، فخر زمان، فہیم اشرف اور محمد افتخار نے بابراعظم کے ہمراہ حج ادا کیا۔


اپنی والدہ کے ہمراہ وطن واپسی پر بابر اعظم نے اپنے بھائی کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج جوانی کی عبادت ہے، موقع ملے تو جوانی ہی میں حج کر لیں، جتنی تاخیر کریں گے اتنی مشکل ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ امی نے بھی بہت ہمت دکھائی اور اپنا حج مکمل کیا۔
بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ حج ایک مشکل عبادت ہے، حج مکمل کرنے کے لیے بہت ہمت چاہیے، مجھے وہاں جانے والے بزرگ حاجیوں سے بڑی حوصلہ افزائی ملی ہے کہ کیسے اللہ کو راضی کرنے کے لیے ان لوگوں نے ہمت دکھائی۔انہوں نے حج پر جانے والوں کو مشورہ دیا کہ جو بھی حج کرنے جائے واک کر کے جائے۔
بابر اعظم کی فیملی نے گھر پہنچتے ہی ان کا بہت گرم جوشی سے استقبال کیا اور بابر اعظم نے آتے ہی اپنے بلّوں کا پوچھا کہ میرے بلّے کہاں ہیں؟بابر اعظم کی بلا نکالتے ہوئے ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔


بابر اعظم نے عام حاجیوں کی طرح حج ادا کیا تھا، ان کی زمین پر سونے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اب بھی گردش کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ بابراعظم اس سے پہلے ہارورڈ یونیورسٹی میں ایک کورس کے سلسلے میں امریکا گئے تھے۔ امریکا میں قیام کے دوران کپتان بابر اعظم نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ہمراہ سپورٹس مینجمنٹ کا شارٹ کورس مکمل کیا تھا۔بابر اعظم نے آج پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کو جوائن کر لیا ہے۔

متعلقہ خبریں