پی ٹی آئی دور میں کورونا کی 3 ارب ڈالر امداد کاروباری افراد کو دینے کا انکشاف


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی دورحکومت میں کورونا وبا کے دوران مالیاتی اداروں سے ملنے والی 3 ارب ڈالر کی امداد 620 کاروباری افراد میں بانٹنے کا انکشاف ہوا ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایف آئی اے اور نیب کوتحقیقات کرنے کا حکم دے دیا . تفصیلات کے مطابق چیئرمین نورعالم خان کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وبا کے دوران مالیاتی اداروں سے ملنے والی ‏امداد کاروباری افراد میں بانٹنے کا انکشاف ہوا ہے، چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ٹی ای آرایف اسکیم کے تحت ‏‏620 صنعت کاروں کو10 برسوں کےلیے بلاسود 3 ارب ڈالر دیے .


رکن پی اے سی برجیس طاہرنے کہا کمیٹی کوبتایا جائے کہ اس رقم سے ‏کہاں سرمایہ کاری کی گئی جس پر رکن پی اے سی محسن عزیزنے کہا کہ اسکیم سے 32 لاکھ لوگوں کو روزگار ملا اور 4 ارب ڈالر کی برآمدات ‏بڑھیں، اس طرح کی سہولیات ماضی میں بھی دی گئیں . دوران اجلاس پی اے سی نے آڈیٹرجنرل کو3 ارب ڈالرکا پرفارمنس آڈٹ کرنے جبکہ ایف آئی اے اورنیب کوتحقیقات کرنے کا حکم دے دیا . چیئرمین نورعالم خان نے کہا کہ آرمی چیف اور سیکریٹری دفاع کو بھی لکھیں کہ آئی ایس آئی اس معاملے کی تحقیقات کرے .
چیئرمین ‏پی اے سی کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ کو19 اپریل کو ہدایت کی تھی کہ بغیرسود3 ارب ڈالر کے قرضے لینے والوں کے نام بتائے ‏جائیں تاہم تاحال یہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں . انہوں نے کہا کہ گورنراسٹیٹ بینک اورسیکریٹری خزانہ چوبیس گھنٹے میں فہرست پیش کریں، پی اے سی نے ‏سیکریٹری خزانہ کوکل اجلاس میں طلب بھی کرلیا ہے . اجلاس کےدوران سینیٹرمحسن عزیزاوررکن اسمبلی برجیس طاہرکے ‏درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی .
دوران اجلاس سیکریٹری پاورڈویژن نے انکشاف کیا کہ پاورسیکٹرکا گردشی قرضہ جون تک 23 سو70 ارب تک پہنچ گیا ہے . چیئرمین پی ‏اے سی نے سیکریٹری پاور ڈویژن سے کہا کہ ہم توبجلی چوری کوحرام قراردیتے ہیں مگرآپ کا عملہ چوری کروانے میں ملوث ہے، پاورڈویژن ‏کےاداروں میں دوسال سے کئی انکوائریاں ہورہی ہیں، اب تک کوئی رزلٹ آیا نہ کسی کوقصوروارقراردیا گیا .
نورعالم خان نے ‏غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پراظہارتشویش کرتے ہوئے کہا کہ میں عید پربھی بجلی بحال کرواتا رہا ہوں، انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی کے افسران ‏کی تنخواہیں بڑھنے کے ساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی ہے .

. .

متعلقہ خبریں