کراچی میں دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے پر غور


کراچی(قدرت روزنامہ) عوام کو تفریح مہیا کرنے کے لیے سندھ حکومت دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور یاماہا جاپان کے سینیئر جنرل منیجر برائے وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ یوشیوکی آئی ٹی او نے وفد کے ہمراہ صوبے کے مختلف بیراجوں اور جھیلوں پر واٹر اسپورٹس کی سہولت کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جس میں دو دریا سے بندرگاہ تک فیری سروس شروع کرنا بھی شامل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یاماہا پاکستان کے تعاون سے کینجھر، گڈو، سکھر، کوٹری بیراجوں اور کراچی کے ساحل پر واٹر اسپورٹس سہولیات کو فروغ دینے کی بڑی گنجائش موجود ہے، یہ سہولیات نجی شعبے کے ذریعے قائم کی جاسکتی ہیں۔
دورہ کرنے والے جاپانی کمپنی یاماہا کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ٹرانسپورٹ کی سہولیات اور تفریح کے لیے دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس قائم کی جاسکتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کے یہاں ویوو رنرز (WaveRunners) بہترین کھیل ہے۔