لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 3 افراد جاں بحق


لاہور(قدرت روزنامہ) شہر میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 10 گھنٹوں میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔تفصیلات کے مطابق صبح چار بجے سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث لاہور شہر ڈوب گیا، شہر کی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔
شہر بھر کے درجن سے زائد علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ گزشتہ سال 2022 میں لاہور میں 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ اس سے قبل 2018 میں لاہور میں 288 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، گزشتہ 30 سالوں میں لاہور میں اتنے کم وقت میں اتنی بارش نہیں ہوئی۔
ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا تھا کہ بارش تھمنے کے چند گھنٹوں میں ہی تمام نشیبی علاقے کلیئر کر دیے جائیں گے، سسٹم اپنی مکمل استعداد پر نکاسی آب کو ممکن بنا رہا ہے۔


بارش کے بعد شہر کے پوش و نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل دیکھے جا رہے ہیں جبکہ سڑکوں سے واسا کا عملہ بھی غائب ہوگیا۔لاہور کے مختلف علاقوں میں 100 ملی میٹر سے بھی زائد بارش ریکارڈ ہوئی، اب تک سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 188 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
گلشن راوی میں 100، قرطبہ چوک میں 94، جوہر ٹاؤن میں 90، لکشمی چوک میں 95، مغل پورہ میں 88، گلبرگ میں 71، مال روڈ میں 75، تاج پورہ میں 92 اور پانی والا تالاب میں 92 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔