ڈالر کی قدر میں کمی: کیا گاڑیوں اور موبائلز کی قیمتیں بھی نیچے آئیں گی؟


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان میں منگل 4 جولائی کو مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز کے پہلے ایک گھنٹے میں ڈالر کی قیمت میں 15 روپے کی کمی واقع ہوئی تاہم بعد میں اس نے ریکور کیا اور دن بھر ہونے والے کاروبار میں اس کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ ہوا، انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت میں 10.55 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور امریکی کرنسی کی قیمت 275.44 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 10 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد یہ سوال زبان زدِ عام ہے کہ کیا امریکی کرنسی کی قدر میں کمی کے بعد گاڑیوں اور موبائل فون کی قمیتوں میں کمی ہوگی یا نہیں؟ وی نیوز نے معاشی ماہرین، آٹو موبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن اور موبائل فون ڈیلر ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے استفسار کیا کہ ڈالر کی قدر میں کمی سے گاڑیوں اور موبائل فون کی قمیتوں میں کتنی کمی ہو گی؟
یقیناً گاڑیوں اور موبائل فون کی قیمتیں کم ہوں گی: مہتاب حیدر
معاشی امور پر رپورٹنگ کرنے والے سینیئر رپورٹر مہتاب حیدر نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں اضافہ ہوگا تو یقیناً گاڑیوں اور موبائل کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی، مگر یہ کمی اس صورت میں آسکتی ہے جب عوام کو ڈالر کا ریٹ گرنے پر اس سے مستفید کیا جائے ورنہ کوئی فائدہ نہیں ہوگا، اور اس کے علاوہ حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ قیمتوں میں جو کمی آئے گی اس کا سارا فائدہ مڈل مین نہ لے جائے۔
موبائل فون اور گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی متوقع نہیں: خرم شہزاد
معاشی ماہر خرم شہزاد نے اس حوالے سے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موبائل فون اور گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی متوقع نہیں ہے۔ اس کی وجہ کچھ اور نہیں بلکہ یہی ہے کہ ڈالر کی قیمت برقرار یا مزید کم ہوتی نظر نہیں آرہی جس کی بنا پر یہ کہنا مشکل ہے کہ کمی آسکتی ہے۔
ڈالر کی قدر میں کمی سے قیمتوں پر ضرور فرق پڑے گا: خاقان نجیب
ماہر معیشت ڈاکٹر خاقان نجیب نے وی نیوز کے استفسار پر بتایا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے معطل ہونے کی وجہ سے ڈالرز کی قلت رہی ہے۔ جس کی وجہ سے آٹو پارٹس، موبائل فون کے آلات یا پھر گاڑیاں اور موبائل فون درآمد کرنے پر پابندی رہی ہے، اب پاکستان میں ڈالر کی قدر میں کمی ہوگی اور روپے کی قدر میں اضافہ ہوگا تو درآمد کی جانے والی اشیا کی قیمتوں میں کمی ضرور آئے گی اور اس کا اثر موبائل فون اور گاڑیوں کی قیمتوں پر بھی ضرور پڑے گا۔
عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی فرق پڑے گا: سلمان شاہ
معاشی امور پر گہری نظر رکھنے والے ماہر معیشت ڈاکٹر سلمان شاہ نے گاڑیوں اور موبائل فون کی قیمتوں میں کمی کے متعلق وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں اور موبائل کی قیمتوں میں کمی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک درآمدات پر عائد پابندیاں ختم نہیں ہوتیں، پاکستان میں ڈالر کی کمی کو ختم نہیں کیا جاسکتا، عالمی مارکیٹ میں بھی گاڑیوں کے پارٹس اور موبائل فون کی قیمتیں کم ہوں گی تو ہی پاکستان میں قیمتیں کم ہوں گی۔
ڈالر کی قدر میں کمی کا گاڑیوں کی قیمتوں پر خاص فرق نہیں پڑے گا: عبدالوحید خان
پاکستان آٹو مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل عبد الوحید خان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت گاڑیوں کی پروڈکشن نہیں ہو رہی، اس وقت ڈالر کی قدر میں کمی کا گاڑیوں کی قیمتوں پر کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کے ریٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہے گا، جب تک ڈالر کا ریٹ ایک جگہ رک نہیں جاتا تب تک گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی سے متعلق کچھ کہا نہیں جا سکتا۔
امپورٹ ہونے والی گاڑیوں کی قیمتوں میں کچھ کمی متوقع ہے: اظہر اخلاق
کار ڈیلر ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر اظہر اخلاق نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں کمی سے لوکل گاڑیوں کی قیمتوں میں خاص فرق نہیں پڑتا جبکہ امپورٹڈ گاڑیوں کی قیمتوں پر کافی فرق پڑتا ہے، تاہم حکومت نے امپورٹڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی بڑھا دی ہے جس سے گاڑیوں کی امپورٹ میں واضح کمی آ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ بڑی لگژری گاڑیوں کی بعض مخصوص لوگوں کے لیے امپورٹ اب بھی جاری ہے، ڈالر کی قدر میں کمی سے امپورٹ ہونے والی گاڑیوں کی قیمتوں میں کچھ کمی متوقع ہے۔
موبائل فونز کا نیا اسٹاک آنے کے بعد ہی قیمتوں میں فرق پڑ سکتا ہے: منیر بیگ
موبائل مارکیٹ راولپنڈی کے صدر منیر بیگ نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قدر میں کمی سے موبائل فون کی قیمتوں میں کمی ہوتی نظر نہیں آ رہی، پاکستان میں استعمال ہونے والے بیشتر موبائل فون بیرون ملک سے درآمد کیے جاتے ہیں، تاہم موبائل فون فروخت کرنے والوں کے پاس پہلے سے بہت سا اسٹاک موجود ہے جو کہ مہنگے ڈالر ریٹ پر خریدا گیا ہے، اب مہنگے فون امپورٹ کر کے سستے فروخت کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ڈالر کی قدر میں کمی برقرار رہتی ہے اور 250 تک آ جاتا ہے تو ایسے میں نئے درآمد ہونے والے آئی فون اور سام سنگ کے مہنگے فونز کی قیمتوں پر واضح فرق پڑے گا، آئی فون 40 سے 50 ہزار روپے سستا ہو جائے گا جبکہ سام سنگ کے فون بھی 25 سے 30 ہزار روپے تک سستے ہونے کی امید ہے، تاہم ماضی میں موبائل فون کی قمیتوں میں اس حد تک کمی کی کوئی مثال نہیں ملتی۔