مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کا سخت ردعمل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل آیاہے۔ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ سرکاری سطح پر بیہودگی اور بکواس کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔مقتدرہ کی گود میں بیٹھا جاہلوں کا گروہ سیاسی بیانیے کی آڑ میں قوم کو خرافات کے جال میں پھانسنے کی کوششیں کررہا ہے، مجرموں کا ٹولہ اپنے بدزبان وزیروں کے ذریعے بیک وقت عدلیہ اور فوج کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہا ہے،گارڈ فادر کی کنیز اور سسلین مافیا کی خاندانی غلام جسے سازشی ٹولہ کہہ رہی ہے انہی کے اشاروں پر ناچتے ہوئے عدمِ اعتماد کی سازش کا حصہ بنے، جس بھگوڑے مجرم کو مسیحا بنا کر پیش کرنے کی کوششیں کررہے ہیں وہ آمریت کی نرسری میں پلنے والا ایک بزدل، کرپٹ اور حریص کارندہ ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ قوم کو لوٹ کر اپنے بچوں کے ناموں پر دولت اور جائیدادوں کے انبار لگانے والے اس بددیانت شخص نے اپنی صفائی پیش کرنے کی بجائے اسمبلی میں کھڑے ہوکر 2 مرتبہ جھوٹ بولا، پانامہ جے آئی ٹی نے گارڈ فادر کے پورے ٹبر سے مہینوں تک ثبوت مانگے مگر قطری خطوط اور کیلبری جیسے فراڈز کے علاوہ کچھ برآمد نہ ہوا۔
حکومت میں تھا تو گارڈ فادر ڈان لیکس کرواتا رہا، حکومت سے نکلا تو جلسوں میں عسکری قیادت کو معطون کرتا رہا۔ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر حقیقی کام تحریک انصاف کے ساڑھے تین سال کے دوران ہوا۔مغربی راہداری کی تعمیر، زراعت و آئی ٹی وغیرہ جیسے شعبوں کی شمولیت سے سی پیک کی توسیع کا کام بھی تحریک انصاف کے دور میں ہوا، سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود 70 فیصد پاکستان کو انتخاب سے محروم کرنے کے منصوبے کے سہولتکاروں کو ٹی وی پر بیٹھتے ہوئے شرم آنی چاہئے، انتخابات کروائے جائیں اور عوام کو مافیا اور اس کے کارندوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے دیا جائے، بند کمروں میں سازشوں کے جال بننے والے ملک و قوم سے مزید انتقام لینا بند کریں۔