کراچی میں شدید بارش کا امکان، ہلکے طیاروں کومحفوظ مقام پرمنتقل کرنے کا حکم


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں موسلادھار بارش کے خدشے کے باعث ہلکے طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا . سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی ائیرپورٹ پر حفاظتی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کیلیے الرٹ جاری کردیا .


سی اے اے کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ہلکے وزن کے طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے . رن ویز اور ٹارمک ایریا میں کسی بھی تصادم کے خدشے کا باعث بننے والے آلات کو حساس مقامات سے جتنا ممکن ہوسکے دور رکھا جائے .
گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواوں کے دوران مختلف قسم کے حشرات الارض کے خاتمے کے لیے اسپرے کویقینی بنایا جائے اور طیاروں سے پرندوں کو دوررکھنے کے لیےاضافی برڈ شوٹرزتعینات کیے جائیں .
سی اے اے کے مطابق ائرفیلڈ لائٹنگ پارٹی رن ویز اوراطراف میں موجود تمام برقی آلات کی کاکردگی کو یقینی بنائیں . بارش کے دوران محفوظ آپریشن کے لیے رن وے کی رگڑ/بریکنگ ایکشن کا تعین کرنے کے لیے ٹیمیں ہمہ وقت تیار رہیں .
بین الاقوامی اور ملکی سیٹلائٹ ایریا کے عقب میں بارش کے پانی کا بہاؤ ممکن بنایا جائے . رن ویز کے اطراف میں ہرقسم کے گڑھوں کوبھرنے کا کام فوری مکمل کیا جائے . فالومی وین کو کسی بھی ہنگامی حالات کے دوران مکمل متحرک رکھاجائے . مون سون کے متوقع سسٹم کےتحت کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے . اس دوران 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے .

. .

متعلقہ خبریں