سی ٹی ڈی کارروائیوں میں کالعدم تنظیموں کے 7 دہشت گرد گرفتار


لاہور(قدرت روزنامہ) سی ٹی ڈی پنجاب کی مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے وابستہ 7 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب کے مطابق ساہیوال، بہاول پور اور گوجرانوالہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے۔ اس دوران کالعدم تنظیموں القاعدہ اور ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔
حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی شناخت ابرار الحق، عبدالرحمٰن، عمیر، عمران، اشفاق، ایوب اور معاویہ کے نام سے ہوئی ہے، جن کے قبضے سے بارودی مواد ، ڈیٹو نیٹر ، موبائل فون ، اسلحہ، گولیاں اور نقدی برآمد ہوئی۔ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق رواں ہفتے139 کومبنگ آپریشنز کے دوران 18 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، جن میں 8523 افراد سے پوچھ کچھ کی گئی ۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہے۔