غیر شرعی نکاح کیس؛ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مقامی عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کردیے۔دورانِ عدت نکاح کے کیس میں شہری کی درخواست پر اسلام آباد کی مقامی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 13 جولائی کے لیے نوٹس جاری کیے۔
شہری محمد حنیف کی کمپلینٹ ناقابل سماعت قرار دینے کے سول جج کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت سیشن جج ایسٹ اعظم خان نے کی۔ وکیل راجا رضوان عباسی کے توسط سے نگرانی اپیل دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے کمپلینٹ ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے تمام قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت 13 مئی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف کارروائی شروع کرے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواستگزار محمد حنیف اسلامی اسکالر اور مفتی محمد سعید کے دوست ہیں۔مفتی محمد سعید نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے دورانِ عدت نکاح کرنے کا بیان دیا۔ عون چوہدری اور مفتی محمد سعید نے سول جج کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروایا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ سول جج نے دائرہ اختیار نہ ہونے پر چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے دوران عدت نکاح کے خلاف شہری کی کمپلینٹ ناقابل سماعت قرار دی تھی۔