آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی عمارت کیلئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں گے، قمر زمان کائرہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی عمارت کیلئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔آزاد کشمیر کے وزراء اور سیاسی قیادت کے وفد نے سپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری لطیف اکبر کی سربراہی میں مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ سے ملاقات کی، ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر، سینئر وزرا کرنل (ر ) وقار احمد نور، خواجہ فاروق احمد، ماجد خان اور سید بازل علی نقوی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے مالیاتی، سیاسی و ترقیاتی امور پر غور و خوض کیا گیا اور آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی، وفد نے مشیر امور کشمیر کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر کے حوالے سے فنڈز کی صورتحال سےمتعلق آگاہ کیا۔
مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت امور کشمیر نے ہمیشہ وفاقی حکومت اور آزاد کشمیر حکومت کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کیا ہے، قانون ساز اسمبلی کے لیے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ فورمز سے رابطہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت امور کشمیر اس ضمن میں آزاد کشمیر حکومت کی ہر ممکن معاونت کرے گی۔