شاہ رخ خان بہترین شخصیت کے مالک ہیں لیکن اچھے اداکار نہیں، ماہ نور بلوچ


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہ نور بلوچ کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان بہترین شخصیت کے مالک ہیں لیکن نہ تو وہ خوبصورت ہیں اور نہ ہی اچھے اداکار۔ماہ نور بلوچ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے شو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں شاہ رخ خان اچھے اداکار نہیں لیکن وہ ایک اچھے کاروباری ضرور ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ وہ اداکاری کے بارے میں نہیں جانتے، میری یہ رائے غلط بھی ہوسکتی ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ شاہ رخ خان کے پاس وہ صلاحیت موجود ہے جو فلمی شائقین کو خوبصورت لوگوں سے بھی زیادہ متاثر کرتی ہے۔
ماہ نور بلوچ نے کہا کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے بادشاہ ایک بہترین شخصیت کے مالک تو ضرور ہیں لیکن ان کا شمار خوبصورت لوگوں میں نہیں ہوتا انہیں بس اپنے آپ کو اچھے انداز میں پیش کرنا آتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کی مارکیٹنگ اسٹریٹجی اچھی ہے، اب ضروری نہیں کہ اُن کے مداح میری رائے سے متفق ہوں مگر میں سمجھتی ہوں کہ میرا نقطہ نظر کافی حد تک درست ہے۔
اُنہوں نے اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے شوبز کیریئر میں بہت سارے ایسے اداکار دیکھے ہیں جو خوبصورت اور باصلاحیت ہیں مگر وہ کامیاب نہیں ہوسکے۔