سمانتھا رتھ پربھو کا شوبز سے ایک برس وقفہ لینے کا فیصلہ


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی وڈ کی نامور اداکارہ سمانتھا رتھ پربھو نے شوبز کیریئر سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ اپنی فلموں ’سائیٹڈل‘ اور ’کشی‘ کے بعد کسی بالی وڈ، تامل اور تیلگو فلمی پروجیکٹ کے معاہدے کیلئے تیار نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق اداکارہ نے نئے پروجیکٹس کے پروڈیوسروں کو ان کے وہ معاوضے بھی واپس کردیئے ہیں جو وہ پہلے ہی وصول کرچکی تھیں۔بھارتی اداکارہ سمانتھا رتھ پربھو اپنے شوبز کیریئر سے ایک برس کا وقفہ لیں گی اور وہ اس وقت میں اپنی صحت کی بحالی پر توجہ دیں گی۔
اداکارہ کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ اس وقت اپنی فلم ’کشی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس سے دو تین دن میں فارغ ہوجائیں گی جبکہ ’سائیٹیڈل‘ کی شوٹنگ تقریباً ختم ہوچکی ہے۔2022 میں سمانتھا نے مداحوں کو خبر دی تھی کہ ان کو ایک اعصابی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے اور جس نے ان پر سخت اثر ڈالا ہے۔