خودکشی کوئی حل نہیں، ذہنی صحت کا خیال ضروری ہے: نازش جہانگیر


لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ نازش جہانگیر نے کہا ہے کہ خودکشی مسائل کا حل نہیں انسان کو اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھنا چاہیے۔ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین کی ناقابل یقین موت سے جہاں بہت سے لوگ غم میں ڈوب گئے وہیں اداکارہ نازش جہانگیر نے بھی اس معاملے پر اپنا ردعمل دے دیا۔
کرکٹ کی ممتاز شخصیت کی المناک موت پر اداکارہ نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ذہنی صحت سے متعلق آگاہی پر زور دیا۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں نازش جہانگیر نے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور اپنے چاہنے والوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذہنی صحت کے ساتھ ساتھ اپنے پیاروں کی صحت پر بھی توجہ دیں۔

انہوں نے لکھا کہ “ہمیشہ میری ذہنی صحت کے بارے میں آواز اٹھانے کی وجہ یہ ہے کہ آپ کو اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، خدارا اس پر بات کریں کیونکہ خودکشی حل نہیں ہے۔”
یاد رہے گزشتہ روز استحکام پاکستان پارٹی کے بانی جہانگیر ترین کے بھائی اور پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین نے خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا، عالمگیر ترین نے پستول سے اپنے سر میں گولی ماری تھی۔