کراچی (قدرت روزنامہ)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی، ممکنہ بارشوں کے پیش نظر اقدام کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا . میئر کراچی کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کے تمام متعلقہ محکمے چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے .
دوسری جانب مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں کے انڈر پاسز کا دورہ کرکے بارشوں سے قبل انڈر پاسز کی صورتحال کا جائزہ لیا . ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی جائے کہ بارشوں کے دوران انڈر پاسز میں پانی رکنے نہ پائے .
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے مون سون بارش شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے . محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کے مضافات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے .