بلال کیانی کا آئی ایم ایف ٹیم کے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملنے پر طنزیہ تبصرہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) ٹیم کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات پر طنزیہ تبصرہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم چیئرمین پی ٹی آئی سے خاص طور پر اس لیے مل رہی ہے کہ اب دوبارہ معیشت کے ساتھ کوئی کھیل نہ کھیلنا، کوئی سازش نہ کرنا ،کوئی خط نہ لکھنا، ملک کو ڈیفالٹ کی طرف نہ دھکیلنا۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے حماد اظہر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف وفد صرف پی ٹی آئی سے ہی نہیں ملک کی تمام جماعتوں سے مل رہا ہے، آئی ایم ایف ٹیم کل پیپلز پارٹی سے مل چکی ہے۔بلال اظہر کیانی نے یہ بھی کہا کہ بڑی مشکل سے پاکستان میں معاشی استحکام واپس آرہا ہے، معاشی بحالی کی امید پیدا ہوئی ہے، ملک کو معاشی طور پر مضبوط ہونے دو، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں کمی لانے دو۔