عید کے بعد مہنگائی میں اضافہ، 24اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عید الضحی کے بعد ملک میں مہنگائی کی شرح میں ایک ہفتے کے دوران 0.70فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 28.55 فیصد رہی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ واراعدادوشمارکے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں0.70فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 28.55 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران10 اشیاء سستی ہوئیں ، 17 اشیاءکی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران ٹماٹر42فیصد اور پیاز کی قیمت میں8.70فیصد اضافہ ہوا، آلو4.79فیصد اور گندم کا آٹا4 فیصد مہنگا ہوا۔ گڑ 4 فیصد اور چینی کے دام3.48 فیصد بڑھ گئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈیزل2.95فیصد مہنگا ہوا جبکہ ایل پی جی، کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی۔ چکن، انڈے، مسور، مونگ اور دال چنا بھی سستی ہوئی ۔اس کے علاوہ سالانہ بنیاد پر گندم کا آٹا122 فیصد، چائے102 فیصد، چاول77 فیصد اور آلو 69فیصد اضافہ مہنگا ہوا۔