بطور مسلمان بالی ووڈ میں تفریق کا سامنا نہیں کرنا پڑا، ہما قریشی


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی کا کہنا ہے کہ مسلمان ہونے کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں کسی تفریق کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔اداکارہ ہما قریشی نے ایک انٹرویو میں بالی ووڈ کو ’انتہائی‘ محفوظ جگہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ میں لوگوں کو ان کے نام سے کوئی مطلب نہیں ہوتا وہ صرف کام کی بنیاد پر جانی جاتی ہیں۔ مسلمان ہونے کے ناطے کبھی کسی قسم کی تفریق کا سامنا نہیں ہوا۔
ہما قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت میں رہتے ہوئے محسوس نہیں ہوا کہ وہ مسلمان ہونے کے باعث دوسرے شہریوں سے مختلف ہیں تاہم ایسا نہیں کہ بالی ووڈ میں مشکلات پیش نہیں آئیں۔ انڈسٹری میں بھی اقربا پروری ہے اور غلط مطالبات بھی کیے گئے تاہم ایسا معاشرے میں ہر شعبے میں ہوتا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ نے مزید کہا کہ کبھی وزن کم کرنے کے بارے میں سوچا نہیں اور نہ ہی اس بارے میں کوئی دباؤ لیا تاہم انہوں نے اعتراف کیا بالی ووڈ میں اداکاراؤں پر ہمیشہ خوبصورت اور پرکشش نظر آنے کے لیے دباؤ ہوتا ہے۔ہما قریشی کا کہنا تھا کہ ’او ٹی ٹی‘ پلیٹ فارمز کے مواد میں بہت زیادہ خراب زبان استعمال ہوتی ہے اور عریاں مناظر بھی دکھائے جاتے ہیں۔