میئر صاحب برساتی نالوں کی صفائی کریں، صرف تصویر سیشن نہ کریں، حافظ نعیم


کراچی (قدرت روزنامہ)امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ میئر صاحب برساتی نالوں کی صفائی کریں، صرف تصویر سیشن نہ کریں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین کو مسائل درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچرے کی پیدوار زیادہ ہے اور گاڑیاں کم ہیں، کچرا اٹھانے کا کام ٹھیک طرح سے کیا جائے، سندھ حکومت اختیارات پر قابض ہو کر ناانصافی کر رہی ہے۔حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ گھوسٹ ملازمین ابھی بھی چل رہے ہیں، تنخواہ ٹاؤنز سے جا رہی ہے مگر کام نہیں ہو رہا، یوسی سطح پر کچرا نہیں اٹھایا جا رہا ہے، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ گھروں سے کچرا نہیں اٹھا رہا، لوگ پیسے دے کر کچرا اٹھوا رہے ہیں۔
امیرِ جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب ایڈمنسٹریٹر تھے اس وقت نالوں کی صفائی کے نام پر کرپشن ہوئی، نالوں کی صفائی کا کام اب بھی نہیں کیا جا رہا، ہمارے چیئرمین نے محنت کر کے بغیر چارج کے کام کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ٹاؤنز میں بھی جا کے دیکھیں کہ کتنا کام ہوا ہے، نالوں میں بارش کے پانی کے نکاس کے راستے بند ہیں، انٹر لنک نالوں کا برا حال ہے، کچرے سے بھرے ہیں۔کراچی کے شہریوں کے لیے تعلیم کے دروازے بند کیے جا رہے ہیں، انتخابات دباؤ پر کرا دیے لیکن اختیارات تاحال نہیں دیے گئے، ہمارا مطالبہ ہے کونسل کا اجلاس بلایا جائے، بجٹ پیش کیا جائے، کے ایم سی میں بجٹ پیش کیا جائے، اختیارات دیے جائیں۔