اپنا نکاح نامہ خود پڑھوں گی اور صلاح مشورے کے بعد دستخط کروں گی، ماورا حسین


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے حالیہ انٹرویو میں اعتراف کیا کہ جب ان کا نکاح ہوگا تو وہ اپنا نکاح نامہ لازمی پڑھیں گی اور اپنے اور اپنے ہمسفر کے حقوق کے حوالے سے صلاح مشورہ کرنے کے بعد ہی اس پر دستخط کریں گی۔حال ہی میں ماورا حسین نے ایک پوڈ کاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے ڈرامے ’نیم‘ کی کہانی اور اس کے پیغام کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
ایک سوال کے جواب میں ماورا حسین نے کہا کہ ’مجھے اپنے ڈرامے کے ڈائیلاگ بہت پسند ہیں، اس کے ذریعے آج کل کی لڑکیوں کو پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ کسی سے محبت کرنا غلط نہیں لیکن یہ سوچ لینا کہ محنت کے بغیر ہی کوئی شہزادہ آئے گا اور آ کے سارے خواب پورے کر دے گا تو یہ بیوقوفی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کی بیشتر لڑکیاں ایسا ہی سوچتی ہیں کہ تعلیم حاصل کرکے کچھ بننے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ کسی اچھے کمانے والے لڑکے سے شادی کرلو تو زندگی کی تمام آسائِشیں مل جائیں گی، جو کہ غلط ہے۔انہوں نے ایک اور سوال میں بتایا کہ انہیں ابھی تک کوئی ایسا شخص نہیں ملا جس کے ساتھ شادی کی جاسکے اور جب ملے گا تو وہ سب کے ساتھ ضرور شیئر کریں گی۔
نکاح نامہ پڑھنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ہمارے معاشرے میں یہ اتنا بُرا کیوں سمجھا جاتا ہے جب زندگی لڑکے اور لڑکی نے گزارنی ہے تو پھر انہیں ان کی اپنی مرضی کی شرائط پر گزارنی چاہیئے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان میں لڑکی کا نکاح نامہ پڑھنا معیوب نہیں سمجھا جاتا، عروہ کے وقت بھی اس نے اپنا نکاح نامہ خود پڑھا تھا۔
نکاح کے وقت نکاح نامے میں طلاق کی شق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ میں نے ابھی کسی مخصوص شق کے بارے میں سوچا نہیں ہے کیونکہ ابھی وقت نہیں آیا، لیکن جب وقت آئے گا تو اپنے ساتھی کے ساتھ نکاح نامے کی تمام شقوں پر بات کروں گی کیونکہ دونوں کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں۔