پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم میں رواں برس اپلائی نہ کرنے والے طلبا کے لیے خوشخبری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت ماضی کی طرح اعلیٰ کارکردگی کے حامل طلبا وطالبات ہی لیپ ٹاپ کے حق دار ہیں۔ رواں برس اسکیم کے لیے بجٹ میں 10 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں درخواستیں جمع کروانے کی ڈیڈ لائن 20 جون 2023 تھی، گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک تقریب میں کامیاب ہونے والے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے مطابق نئی درخواستیں اگلے سال 2024 میں لی جائیں گی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ نے بتایا کہ 2024 کی اسکیم میں جو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے اس طرح کے لیپ ٹاپ مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ ان میں لینووو کی جدید ٹیکنالوجی چپس ہوں گی جو لیپ ٹاپ کی کارکردگی بڑھائیں گی۔
شیزہ فاطمہ نے مزید بتایا کہ 2024 میں تقسیم کئے جانے والے لیپ ٹاپ صرف روزمرہ استعمال کے لیے نہیں بلکہ پروفیشنل استعمال کے ہوں گے اور ویسے لیپ ٹاپ پاکستان میں اور کہیں نہیں ملیں گے۔