سویلین افراد کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کا فیصلہ واپس لیا جائے، وکلا کنونشن میں قرارداد منظور


پشاور (قدرت روزنامہ) پشاور میں ہونے والے وکلا کنونشن میں سویلین افراد کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کا فیصلہ واپس لینے سے متعلق قرارداد منظور کر لی گئی۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں آل پاکستان لائرز کنونشن منعقد ہوا جس میں کئی قرار دادیں منظور کی گئیں۔ قراردادوں میں کہا گیا کہ وکلا 9 مئی واقعات کی مذمت کرتے ہیں، سویلین افراد کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر سٹے آرڈر ختم کیا جائے۔ سپریم کور ٹ میں سنیارٹی کی بنیاد پر ججز کی تقرری پر سختی سے عمل کیا جائے۔ پشاور اور لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سپریم کورٹ میں تقرری کی جائے۔ پشاور ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 30 کی جائے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ واقعات میں ملوث سویلین افراد کے خلاف فوجی عدالتوں میں کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا جسے انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انسانی حقوق کی تنظیم کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستانی حکومت سویلین افراد کے خلاف مقدمات سویلین عدالتوں میں بھیجے۔