ایک ایک کردار بول رہا ہے کہ نواز شریف کو سازش کے تحت نااہل کیا گیا: احسن اقبال


نارووال(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج ایک ایک کردار بول رہا ہے کہ نواز شریف کو ایک سازش کے تحت نااہل کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا میں آج چین جا رہا ہوں وہاں پر سی پیک کی دسویں سالگرہ کے حوالے سے ایک خصوصی (جے سی سی) کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں سی پیک کی 10 سالہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کے لائحہ عمل پر چینی قیادت سے بات چیت ہو گی۔
احسن اقبال نے مزید کہا ہے کہ سی پیک پوری طاقت کے ساتھ جیسے پہلے پاکستان کی ترقی میں انجن بنا تھا انشاءاللہ پھر پاکستان کی ترقی میں انجن بنے گا، الیکشن کے بعد پورے مینڈیٹ کے ساتھ ہم سی پیک کو پوری قوت کے ساتھ صعنتی شعبے کے اندر ترقی دیں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے جتنے دشمن جنہوں نے 2017 میں غیرقانونی طور سازش کے ذریعے نااہل کیا، پاکستان کو ایک سیاسی بحران میں دکھیلا آج انہی کرداروں سے اللہ تعالیٰ نواز شریف کی بے گناہی کی گواہیاں دلوا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی کے نتیجے میں جو سیاسی بے یقینی پیدا ہوئی اس نے ترقی کے عمل کو تباہ کر دیا، نواز شریف سے جو زیادتی ہوئی اس کا ازالہ ہونے کا وقت قریب ہے۔