پیپلز پارٹی کے جیالے تنقید کا جواب کام سے دیں گے، مرتضیٰ وہاب


کراچی (قدرت روزنامہ)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سیاسی جماعت کے لیڈر کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے جیالے تنقید کا جواب کام سے دیں گے۔ایک ویڈیو پیغام میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے بڑے رہنما نے پریس کانفرنس کرکے پی پی پر تنقید کی، پچھلے سال اسی جماعت کے رہنما نے ضمنی الیکشن لڑا تھا، انہیں پی پی سے شکست ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی حلقے میں پی پی کی سندھ حکومت نے 37 کلو میٹر طویل 27 سڑکیں بنائیں، جن میں 23 پر کام مکمل ہوچکا ہے۔میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ ان سڑکوں کے ساتھ 37 کلو میٹر کی سیوریج سسٹم تعمیر کیا گیا جبکہ نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ماضی میں یہاں نالوں پر قبضے کئے جاتے تھے، پیپلز پارٹی کے جیالے تنقید کا جواب کام سے دیں گے، خدمت کا یہ سفر اسی طریقے سے جاری رہے گا۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہر کارکن عوام کی خدمت کرے گا، کام کی بنیاد پر عوام ہمیں منتخب کر رہے ہیں۔