مہنگائی سے عام آدمی کے مسائل خوفناک حد تک بڑھ گئے: عبدالعلیم خان


لاہور (قدرت روزنامہ)استحکامِ پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مہنگائی کے سبب عام آدمی کے مسائل خوفناک حد تک بڑھ چکے ہیں۔اس حوالے سے عبدالعلیم خان نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگائی کے سامنے بے بس ہے، 24 بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں 42 فیصد بڑھیں۔عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آٹا، چینی، کوکنگ آئل، دالیں تک منہگی ہو گئی ہیں، عام شہری کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہری پریشان ہیں۔
استحکامِ پاکستان پارٹی کے صدر نے مزید کہا ہے کہ غریب طبقہ پس چکا ہے اور گزشتہ ایک سال میں حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آئی۔عبدالعلیم خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام غیر مطمئن ہیں، حکومت نے ریلیف کے بجائے تکلیف میں اضافہ کیا ہے۔