احسن اقبال کا چین و سی پیک پر بیان غیر ذمے دارانہ ہے: شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے احسن اقبال کے سی پیک سے متعلق بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ احسن اقبال کا چین اور سی پیک سے متعلق بیان غیر ذمے دارانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ سی پیک آگے لے جانے پر ہمیشہ مضبوط اتفاق رائے رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں فیصل آباد رشکئی انڈسٹریل زون فعال کیا گیا، دھابیجی انڈسٹریل زون کو حتمی شکل دی گئی۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے دورِ حکومت میں زیرِ تعمیر تمام پاور پلانٹس مکمل ہوئے، بجلی پیدا کرنے کے منصوبے مکمل کیے اور ٹرانسمیشن پراجیکٹ شامل کیے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہائی وے کی کئی کلو میٹر تعمیر پی ٹی آئی حکومت میں مکمل ہوئی، ہمارے دور میں گوادر انڈسٹریل زون کو وسعت دے کر فعال کیا گیا۔