پولیس شہریوں کو تحفظ دے، علاقے میں واردات ہونے پر تھانہ انچارج کیخلاف کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو نے موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر باپ بیٹے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعات کی رپورٹ طلب کر لی ۔ اتوار کو اپنے جا ری کر دہ ایک بیان میں وزیراعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے کوئٹہ شہر میں راہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے اور راہزنوں کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ پولیس کو شہریوں کی جان ومال کو درپیش خطرات کو ختم کرنے کے لئے کارکردگی دکھانا ہو گی کوئٹہ کے شہری عدم تحفظ کا شکار اور شکایات میں اضافہ باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کے ذمہ داری ہے عوام کے ٹیکس کے پیسو ں سے پولیس کو تمام ضروری وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں پولیس پر عوام کا اعتماد ہر صورت بحال رکھنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ آئی پولیس اور ڈی آئی جی کوئٹہ شہر میں امن امان کی بہتری کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ شہر کے سیکورٹی پلان کو از سر نو مرتب کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سیکورٹی اہلکاروں کے گشت میں اضافہ کیا جائے ،شہر کے خارجی و داخلی راستوں پر چیکنگ کا موثر نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ۔آئندہ سے جس تھانے کی حدود میں واردات ہو گی اس تھانہ انچارج کو معطل کر کے کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے موٹر سائیکل چھیننے کی واردات میں جاں بحق افراد کے خاندان سے افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ قاتلوں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔