آج ہماری جیت ہوئی ہے حقائق قوم کے سامنے آئے ہیں،سلیمان شہباز


گزشتہ حکومت نے 5 سال کوئی کام نہیں کیا صرف سیاسی مخالفین پر جھوٹے کیسز بنائے،وزیراعظم کے بیٹے کا منی لارنڈنگ کیس میں بری ہونے پر ردِعمل
لاہور (قدرت روزنامہ) سلیمان شہباز کا کہنا ہے کہ منی لانڈنگ کیس 2018 سے شروع ہوا،اس دوران ڈیلی میل کا کیس بھی سامنے آیا،یہ جھوٹ کا پلندہ 5 سال پہلے تیار کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز نے منی لانڈنگ کیس میں بری ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہماری جیت ہوئی حقائق قوم کے سامنے آئے ہیں۔
پہلے شہباز شریف اور حمزہ شہباز بری ہوئے،آج عدالت سے ہم سرخرو ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی کی سابق حکومت نے پانچ سال کوئی کام نہیں کیا،صرف سیاسی مخالفین پر جھوٹے کیسز بنائے۔ عمران خان اور اس کے حواریوں نے قوم کے 5 سال برباد کئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے عوام کی خدمت کی ہوتی تو آج یہ نہ ہوتا،سیاسی کیسز بنائے جو عدالتوں سے جھوٹے ثابت ہوئے۔
ڈیلی میل نے بھی معافی مانگی اور ہم کیس سے بھی بری ہوئے۔ یاد رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا گیا ہے۔ اسپیشل کورٹ سینٹرل نے سلیمان شہباز سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں کو منظور کر لیا،جج بخت فخر بہزاد نے درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ اسپیشل کورٹ سینٹرل میں منی لانڈرنگ کیس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی،جج بخت فخر بہزاد نے کیس کی سماعت کی۔
وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ ایف آئی اے نے عدالت کی جانب سے پوچھے گئے 27 سوالات کے جوابات جمع کرائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ منی لانڈرنگ کی انکوائری کس نے کی تھی؟ جس پر وکیل ایف آئی اے نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے انکوائری کی تھی،ڈاکٹر رضوان سربراہ تھے۔ جج نے استفسار کیا کہ پوری تفتیش میں کسی ایک بیان کا گواہ لکھا ہے؟ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر عدالت کے سوال پر خاموش ہو گئے،تفتیشی افسر علی مردان نے عدالت میں بتایا کہ ہم نے کوئی انکوائری نہیں کی۔