الیکشن کمیشن کے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام انتظامات مکمل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ زیرِ غور آیا۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور شیڈول دینے کے لیے تیار ہیں، وزارتِ داخلہ 12 جولائی تک مخصوص نشستوں کی تعداد کا نوٹیفکیشن دے۔الیکشن کمیشن نے مطالبہ کیا کہ وزارتِ داخلہ امیدواروں کے لیے انتخابی اخراجات کی حد کے رولز مہیا کرے۔
اجلاس میں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پنجاب میں انتخابی گروپوں کی رجسٹریشن 17 جولائی کو مکمل ہو جائے گی۔الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا کہ پنجاب حکومت کو لکھا جائے کہ ای وی ایم اور آئی ووٹنگ سے متعلق ترامیم کو مدِ نظر رکھا جائے، فوری الیکشن کے لیے پنجاب حکومت لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور رولز میں ضروری ترمیم کرے۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ پنجاب حکومت کو کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران ای وی ایم کا استعمال ممکن نہیں، پنجاب حکومت کو بتا دیا ہے کہ آئی ووٹنگ کی سہولت بھی فراہم نہیں کی جا سکتی۔الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ کے رولزمیں ترمیم کر دی، جبکہ ووٹنگ کا طریقہ کار بھی الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت مہیا کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کا مزید کہنا ہے کہ رولز کے ساتھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم ضروری ہے، لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور رولز ایک دوسرے سے متصادم نہیں ہونے چاہئیں۔الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومت پنجاب کو اس معاملے پر تحریر کیا جائے۔