فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری کو عدالت میں چیلنج کر دیا


لاہور (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کر دیا۔فواد چوہدری کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری نے درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں۔جسٹس وقاص رؤف مرزا نے کیس چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھیج دیا۔
جسٹس وقاص رؤف مرزا نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وارنٹ جاری کرنے اور دائرہ اختیار کے معاملے پر لارجر بینچ تشکیل دیا جائے۔واضح رہے کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔