نرگس فخری او ٹی ٹی پر عریاں مناظر کے خلاف


ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی اداکارہ نرگس فخری او ٹی ٹی پر عریاں مناظر کے خلاف ہیں، کہتی ہیں وہ کبھی کسی پروجیکٹ کےلیے برہنہ سین نہیں کریں گی۔واضح رہے کہ نرگس فخری جلد اپنا اوور دا ٹاپ (او ٹی ٹی) پلیٹ فارم ڈیبیو کرنے جارہی ہیں، وہ دھیرج دھوپر اور دویا اگروال کے پروجیکٹ تتلوباز میں جلوہ گر ہوں گی۔
ایک انٹرویو کے دوران نرگس فخری نے کہا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم اداکاروں کو وہ سب کرنے کی اجازت دیتا ہے جو سلور اسکرین پر نہیں کیا جاسکتا، دراصل یہ پلیٹ فارم آپ کی اداکاری کی حد کو بڑھادیتا ہے اور یہی اداکاری کا مزہ ہے۔ ہندی سنیما کے بارے میں بات کرتے ہوئے نرگس کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ سنیما نے مجھے پیچھے رکھا، تاہم میں سوچتی ہوں کہ میں کچھ کرداروں میں فٹ آتی ہوں اور مجھے ایسے ہی کرداروں کےلیے کاسٹ کیا گیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے نرگس کا کہنا تھا کہ جب آپ دیکھتے ہیں کہ کسی اداکار نے ایک کردار نبھایا اور وہ اس میں بہتر نظر آیا تو پھر اسے اُسی طرح کے کردار ملنا شروع ہوجاتے ہیں، لیکن میرا نہیں خیال کہ یہ سب کسی مقصد سے ہے، یہ قدرتی عمل ہے کیونکہ لوگ اس فنکار کو اس ایک مخصوص کردار میں ہی دیکھنا چاہتے ہیں اور محظوظ ہوتے ہیں، لہٰذا آپ کو یہ کردار ملنا شروع ہوجاتے ہیں۔
اپنے او ٹی ٹی ڈیبیو سے متعلق بات کرتے ہوئے نرگس فخری کا کہنا تھا کہ اب مزید مواقع کی تلاش کا وقت ہے۔ چونکہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر مواد کی حدبندی نہیں، لہٰذا جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ نے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر پروجیکٹ کےلیے اپنے حدود کا تعین کر رکھا ہے؟ جس کے جواب میں نرگس فخری کا کہنا تھا کہ میں کبھی کسی پروجیکٹ کےلیے برہنہ نہیں ہوں گی، مجھے عریانیت سے مسئلہ ہے۔