آئی ایم ایف سے ایکسٹرنل فنانسنگ کا معاملہ طے پا گیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزارتِ خزانہ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کےدرمیان ایکسٹرنل فنانسنگ کا معاملہ طے پا گیا ہے۔وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے وزارتِ خزانہ کے بھیجے گئے 8.2 ارب ڈالرز کی فنانسنگ گیپ کا منصوبہ مان لیا۔
آئی ایم ایف، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)، چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔وزارتِ خزانہ کے پلان کے مطابق رواں مالی سال کے دوران چین سے 3.5 ارب ڈالرز، سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز اور یو اے ای سے 1 ارب ڈالرر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔
پلان کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک سے 50، 50 کروڑ ڈالرز کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔وزارتِ خزانہ کے پلان کے مطابق آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالرز قرض کے معاہدے کے تحت حاصل کیے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس سے قبل ایکسٹرنل فنانسنگ کا پلان منظور ہونا لازمی تھا۔آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس کل ہو گا، جس میں بورڈ تقریباً 1.1 ارب ڈالرز کی قسط جاری کرنے کی منظوری دے گا۔