لاہور(قدرت روزنامہ) ہائی کورٹ نے 9 مئی واقعات کے تناظر میں خدیجہ شاہ سمیت دیگر کی حراست غیر قانونی قرار دینے کی درخواستیں خارج کردیں . جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس امجد رفیق پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے درخواستوں پر 26 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں خدیجہ شاہ، ہما سعید، رضوان ضیا اور زبیر ملک کی حراست کے خلاف درخواستیں خارج کردیں .
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کے خلاف مقدمہ ہوچکا ہے، قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے . اس مرحلے پر درخواست گزاروں کی حراست کو غیر قانونی قرار نہیں دیا جا سکتا . قانونی طریقہ کار کو بائی پاس نہیں کیا جاسکتا . پولیس نے اسی تناظر میں فوری مقدمہ درج کیا اور تفتیش شروع کر دی .
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ 9 مئی واقعات میں جو بھی ملوث پایا گیا، اس کی قانون کے مطابق شناخت کی گئی . 9 مئی کے واقعات نے ایک چارج ہجوم کی عدم برداشت اور خطرناک جنونی کیفیت کو عیاں کیا . 9مئی واقعات نے سول عدالتی نظام کو بھی چیلنج کیا . اس واقعے سے پہلے عوام نے جناح ہاؤس میں ایسی توڑ پھوڑ نہیں دیکھی تھی . لوگوں کا غصہ سول اور فوجی قیادت پر تھا لیکن جو اس دن ہوا وہ ناقابل وضاحت تھا .
عدالت نے کہا کہ بہرحال ریاست نے اپنے آپ کو بچانا تھا . بلاشبہ ملزمان کے قانونی حقوق ہیں،جن کا عدالتیں تحفظ کرتی ہیں . درخواست گزاروں کے لیے اس وقت بہترین حکمت عملی نارمل طریقے سے قانون کے طریقہ کار پر چلنے کی ہے . سارے طریقہ کار کو بائی پاس کرنے سے درخواست گزاروں کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا .