قرآن پاک کی بیحرمتی گھناؤنا عمل ہے جس کا کوئی جواز قبول نہیں، سعودی عرب


نیویارک(قدرت روزنامہ) سعودی عرب نے سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے گھناؤنے کام کا کوئی جواز قبول نہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے انسانی حقوق کونسل کے ہنگامی اجلاس سے ورچوئل خطاب میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برداری توہین مذہب کے واقعات کے سدباب کے لیے اپنی بھرپور توانیاں صرف کرے۔
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ انتہا پسندوں کی جانب سے قرآن پاک کو نذر آتش کرنا رواداری کی اقدار کے منافی ہے اور یہ نفرت، تعصب اور نسل پرستی کو ہوا دیتا ہے۔ مسلمانوں کی مقدس کتاب کو بار بار جلانا تشویشناک ہے۔
وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اقوام متحدہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مذہبی منافرت کا مقابلہ کرنے کے لیے پیش کی گئی قرارداد کے مسودے کی منظوری کا منتظر ہے۔ عالمی برادری اور تنظیموں کو ایسے جارحانہ واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
یاد رہے کہ سویڈن میں عید الاضحیٰ کے روز مرکزی مسجد کے باہر انتہا پسند رہنما نے قرآن پاک کے اوراق کو جلانے کی ناپاک جسارت کی تھی جس کی عالمی سطح پر شدید الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔