آئی ایم ایف نے گردشی قرضہ روکنے کا پلان منظور کر لیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے وزارتِ خزانہ کا گردشی قرضہ روکنے کا پلان منظور کر لیا۔اس کے ساتھ ہی آئی ایم ایف نے پاکستان کو خبردار کر دیا ہے کہ گردشی قرضہ کنٹرول نہ کیا تو معاہدے کی خلاف ورزی ہو گی۔آئی ایم ایف نے شرائط مکمل نہ ہونے کی صورت میں آئندہ معاہدے کے لیے بھی خبردار کر دیا ہے۔
آئی ایم ایف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شرائط پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو آئندہ معاہدے کے لیے اس سے زیادہ سخت شرائط ہوں گی۔وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارتِ خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان گردشی قرضہ کنٹرول کرنے کا پلان طے پا گیا، رواں مالی سال پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2340 ارب روپے پر روکا جائے گا۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گردشی قرضہ کم کرنے کے لیے 400 ارب سے زائد جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق گردشی قرضہ کم کرنے کے لیے یہ رقم اقساط میں جاری کی جائے گی، مجموعی طور پر رواں مالی سال گردشی قرضے میں 122 ارب روپے کا اضافہ ہو گا۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ مالی سال گردشی قرضے میں کوئی اضافہ نہ ہونے کا پلان آئی ایم ایف کو دیا گیا ہے۔وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے کہا ہے کہ گردشی قرضہ کنٹرول کرنے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور ریکوریز بہتر کی جائیں گی۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر پلان کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ آئی ایم ایف نے وزارتِ خزانہ کا گردشی قرضہ روکنے کا یہ پلان منظور کر لیا ہے۔