بلوچستان، سوئی میں دہشت گردوں سے جھڑپ میں تین جوان شہید
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) بلوچستان کے علاقے سوئی میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان شہید جبکہ دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ شب ضلع سوئی میں جاری آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 بہادر جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے جبکہ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے باقی دہشت گردوں کو بھی پکڑنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان میں امن کے دشمنوں کو بے نقاب کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔